نئی دہلی، 23 جون (آئی این ایس انڈیا) کووڈ 19 مریضوں کو اس سال کے آخر میں بہار قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔
مرکزی وزارت قانون کے قانون سازی کے شعبہ نے کووڈ 19 مریضوں کو ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے لئے انتخابی قانون میں تبدیلی کی ہے۔ یہ معلومات وزارت کے ایک اعلی عہدیدار نے دی۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت قانون سے رابطہ کیا تھا تاکہ کووڈ 19 مریضوں کو ڈاک کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ عہدیدار نے بتایاکہ یہ اہم معاملہ ہے اور ہم قانون میں تبدیلی کیلئے راضی ہیں۔حال ہی میں ہم نے 80 سال سے زیادہ عمروالے اور معذور ووٹرز کو ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی۔ اسی فہرست میں ہم نے کووڈ 19 مریضوں یا انفیکشن کی علامات رکھنے والے مریضوں کو شامل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب معذور اور 80 سال سے زیادہ عمر کے افراد 12 ڈی فارم کو بھر کر مقامی پریزائیڈنگ آفیسر سے ڈاک کے ذریعہ ووٹ ڈالنے کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بہار پہلی ریاست ہوگی جہاں ہندوستان میں کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے قانون میں تبدیلی لانے کے لئے حکومت سے رجوع کیا تھا کیوں کہ اس سال کے آخر تک وبائی بیماری باقی رہ سکتی ہے۔
وزارت قانون کا قانون ساز محکمہ الیکشن کمیشن کا نوڈل باڈی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ وزیر قانون کی منظوری کے بعد اس قانون کو تبدیل کردیا گیا۔ بہار میں تقریبا سات کروڑ 20 لاکھ ووٹرز ہیں اور 243 ممبران کی موجودہ اسمبلی کی میعاد 29 نومبر کو ختم ہوگی۔ ایسی صورتحال میں 29 نومبر سے پہلے ایک نئی اسمبلی تشکیل دی جانی چاہئے۔